بلوم فونٹین: جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں بیٹنگ آرڈر کے لیے پاکستانی کپتان مصباح الحق اور نائب کپتان محمد حفیظ کےمابین اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ون ڈےٹیم کے کپتان مصباح الحق کامران اکمل سے اوپن کروانا چاہتے ہیں جب کہ محمد ٖحفیظ کوون ڈاؤن کی پوزیشن پر کھلانے کے خواہش مند ہیں لیکن محمد حفیظ تیسری پوزیشن  پرکھیلنے کیلئے راضی نہیں اور وہ اوپننگ کرنا چاہتے ہیں۔

کپتان مصباح الحق کا مؤقف ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں محمد ٖحفیظ اوپننگ میں مسلسل ناکام رہے ہیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں ون ڈاؤن پوزیشن پربہترین کھیل پیش کیا ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پاکستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کے درمیان  بولرز کی سلیکشن پربھی اختلافات پائے جاتے ہیں ۔

کپتان مصباح الحق 3 بولرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں لیکن نائب کپتان 2 بولرز کھیلانے کے خواہشمند ہیں ، نائب کپتان کا کہنا ہے کہ ایک بولر کو کم کر کے بیٹنگ لائن کو مضبوط بنایا جائے تاہم کپتان مصباح الحق 3 بولرز پر اکتفا کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ  بھی کہا گیا ہے کہ کوچ ڈیویڈ واٹمور نائب کپتان کی رائے سے اتفاق رکھتے ہیں ۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز 10مارچ کو بلوم فونٹین میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔